بھٹکل:17/ جولائی(ایس او نیوز) ’’جوکاکو شمس الدین میموریل ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ ‘‘ اور ’’ ایس ایم یحییٰ میموریل پی جی بلاک ‘‘ کی نئی عمارتوں کا اتوار کو اتراکنڑا ضلع نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے اورجامعہ مسجد بنگلورسٹی کے امام مولانا مقصود عمران کے ہاتھوں شاندار افتتاح ہوا۔
جوکاکو شمس الدین میموریل ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ضلع نگراں کاروزیرمسٹر آر وی دیش پانڈے نے کہاکہ جوکاکو خاندان نے انجمن تعلیمی ادارہ کے لئے اس عمارت کاجو تحفہ دیا ہے وہ ایک مثالی تحفہ ہے، دوسروں کے لئے قابل تقلید ہے، انہوں نے کرناٹکا سرکار کی جانب سے جوکاکو فیملی کو اس اہم کام کی انجام دہی پر شکریہ ادا کیا اور اور کہا کہ عوامیترقی کے لئے سرکارکو عوام کی جانب سے تعاون ملنا بے حد ضروری ہے۔ دیش پانڈے نے پروگرام میں موجود دیگر سرمایہ دار طبقہ کے لوگوں کو بھی آواز دیکہ وہ بھی سماجی اور تعلیمی کاموں میں اپنا سرمایہ خرچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو اللہ نے زائد سرمایہ دیا ہے، انہیں چاہئے کہ وہ اپنے گھردار کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے لئے بھی سرمایہ لگائیں اور عوامی کاموں میں دل کھول کر خرچ کریں۔ انہوں اپنے ٹرسٹ کی مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہلیال میں موجود ان کے ٹرسٹ کے ذریعے ہرسال سینکڑوں غریبوں کی مدد کی جاتی ہے، اب تک 14ہزار ڈراپ آوٹ بچوں کو ٹریننگ دے کر انہیں کامیاب ہونے میں مدد کی ہے، جس کے لئے اُنہیں فری رہائش، فری فوڈ اور فری تعلیم دی جاتی ہے۔ آگے بتایا کہ ان کے ٹرسٹ کے ذریعے دس ہزار سے زائد لوگ اب خوداپنے پیروں پر کھڑے ہوکراپنا گھردار سنبھال رہے ہیں۔ آگے بتایا کہ ملک میں جتنی بھی مسجدیں، مندریں، چرچ، دھرم شالائیں تعمیر ہوئی ہیں ، وہ سرکار نے تعمیر کرکے نہیں دی ہیں بلکہسب کے سب عوامی چندوں سے تعمیر ہوئی ہیں۔ انہوں نے جوکاکو فیملی کی تقلید کرتے ہوئے دیگر سرمایہ داروں سے اپیل کی کہ وہ بھی بالخصوص تعلیم کو عام کرنے اپنا سرمایہ لگائیں۔
موصوف نے اقلیتوں کو تعلیمی میدان میں پچھڑے ہونےکی بات کہتے ہوئے کہاکہ معاشرے میں تعلیم سے عزت ملتی ہے، چال چلن اور بھائی چارگی بہت اہم ہے، ہرایک اپنے دلوں میں دیش کی محبت میں اضافہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جاپان، چین سمیت کئی ممالک کا دورہ کیا ہے، مگر اُن ممالک میں نوجوان طبقہ بے حد کم ہے، جبکہ ہمارے ملک میں 65فی صد نوجوان پائے جاتے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے ملک کا مستقبل کافی روشن ہے، انہوں نے بچوں کو نیک راستے کی طرف رہنمائی کرنے میں والدین اور سماج کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی تاکید کی
بنگلورو سٹی کے امام مولانا مقصود عمران نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسانیت سے بڑھ کراور کوئی چیز نہیں ہے، جو کوئی اللہ کے راستے پر چلے گا اس کو یقیناًاجر ملے گا۔ راجستھان ، جودھپور کے ایم ایم ای ڈبلیو ایس تعلیمی ادارے کے محمد عتیق نے خطاب کرتے ہوئے انجمن کے ذمہ داران کو روایتی تعلیم کے ساتھ تکنیکی کورسس کا آغاز کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ترغیب دی۔ رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کہا کہ بھٹکل کے عوام کا خواب ہے کہ یہاں میڈیکل کالج اور ہوائی اڈے کی تعمیر ہو، اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے سب لوگوں کو کوشش کرنی چاہئے۔ قائد قوم اور انجمن کے سرپرست محترم سید خلیل الرحمن ، ڈاکٹر طیب جوکاکو، فضل الرحمن جوکاکو ، مجلس اصلا ح و تنظیم کے صدر مزمل قاضیانے بھی موقع کی مناسبت سے اپنے تاثرات پیش کئے
انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر محترم عبدالرحیم جوکاکو نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے مہمانان کو بتایا کہ انجمن اداروں کی عمارتیں بھٹکل کے عوام کے چندوں سے ہی تعمیر ہوئی ہیں، انہوں نے ایس ایم سید خلیل الرحمن، ڈاکٹر اسماعیل قاضیا، دامودی اسماعیل سمیت کئی لوگوں نے انجمن کے لئے عمارتیں فراہم کی ہیں، اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کے ہر کمرے الگ الگ لوگوں کے چندوں سے تعمیر کئے گئے ہیں، اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ قوم و ملت کے افراد کے سرمایہ سے ہی انجمن چلتا ہے۔
پروگرام میں بھٹکل کے معروف انگریزی صحافی آفتاب حُسین کولا کی مرحوم جوکاکو شمس الدین پرلکھی کتاب کا وزیر دیش پانڈے کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا۔
اس موقع پر قائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب کوآئرلینڈ کے الڈرسگیٹ یونیورسٹی کی طرف سے دبئی میں تفویض کی گئی ڈاکٹریٹ پرتہنیت کی گئی اور شال پوشی کرتے ہوئے انہیں انجمن کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔
تلاوت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہواتھا، جنرل سکریٹری قاسمجی محمد انصار نے استقبال کیا، آفتاب حُسین کولا اور محسن کھروری نے پروگرام کی بہترین انداز میں نظامت کی۔ سکریٹری آفتاب قمری نے شکریہ اداکیا۔ نائب صدر اول عبدالرحمن باطن نے شمس الدین جوکاکو کے متعلق اپنا ایک خوبصورت کلام پیش کیا۔ اسکول کے ایک طالب العلم نے بھی پروگرام میں بہترین آواز کے ساتھ نعت پیش کی۔